لاہور( ویب ڈیسک) ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا کہنا
ہے کہ کورونا کی وجہ سے عافیہ کی رہائی کا سنہری موقع حکمران ضائع کررہے ہیں
،کارزویل جیل جہاں قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ قید ہے، وہاں سے حال ہی میں رہا ہونے
والی خاتون لی این نے بتایا ہے کہ ”کووڈ- 19 کی وجہ سے قیدی بھوک، تنہائی اور شدت
کی گرمی میں بند کر دئیے گئے ہیں“۔تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور
عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ ٹیکساس ، امریکہ میں واقع
ایف ایم سی کارزویل جیل میں جہاں قوم کی عزت، غیرت اور مظلوم بیٹی ڈاکٹر عافیہ جرم
بے گناہی کی پاداش میں سابقہ اور موجودہ حکمرانوں کی بے حسی اور مجرمانہ غفلت کی
وجہ سے قید تنہائی کاٹ رہی ہے کووڈ- 19 کی وجہ سے حالات انتہائی خراب ہیں
جس نے عافیہ کی والدہ، بچوں اور سب اہلخانہ کو
سخت پریشانی اور تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے
جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ اس وقت کارزویل جیل میں بھوک ،قید تنہائی اور
شدت کی گرمی میں مخصوص قیدیوں کو رکھا جارہا ہے جس میں پاکستانی قوم کی بیٹی ڈاکٹر
عافیہ بھی شامل ہے۔عافیہ جس کارزویل جیل میں مقید ہے شاید دنیا کی تاریخ میں اس سے
بدترین ”ٹارچر سیل“ نہیں بنائے گئے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ کارزویل جیل کی یہ
تفصیلات ”لی این “ نامی اس خاتون نے بیان کی ہے جو کہ حال ہی میں اس جیل سے رہا
ہوئی ہے۔ جسے اس کے ملک کے نمائندوں اور اس کے ملک کے لوگوں نے آواز بلند کرکے رہا
کرایا ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے امریکی جیلوں کے حالات انتہائی خراب ہیں ۔ اگر
قیدیوں کی کورونا کی وجہ سے موت نہ بھی واقع ہو تو ان تنگ و تاریک کالی کوٹھریوں
میںبند قیدی دم گھٹنے کی وجہ سے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صرف اس ونگ میں 113 سے
زیادہ قیدی کورونا پوزیٹیو ہیں جہاں عافیہ قید ہے جبکہ دوسرے ونگز میں ہزاروں کی
تعداد میں کرونا وائرس سے متاثرہ اور سینکڑوں قیدیوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات
ہیں۔ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ عافیہ کی زندگی پہلے سے زیادہ خطرے میں ہے۔ عافیہ
کو سابقہ اور موجودہ حکمرانوں نے ہمیشہ قوم کی بیٹی کہا ہے۔پاکستان سے باہر بھی
عافیہ ”قوم کی بیٹی “
”The Daughter of the Nation” کے نام سے مشہور ہے۔ عافیہ کا اس طرح قید میں پڑے رہنا
پاکستانی قوم کی انتہائی بدنصیبی اور حکمرانوں کی ناکامی اور بے حسی کی انتہا
ہے۔عافیہ کے اہلخانہ کا اللہ تعالیٰ پرکامل یقین ہے کہ اللہ عافیہ کی زندگی کی
حفاظت کرے گا اور اسے جلد رہائی بھی نصیب فرمائے گا۔ عافیہ کی فیملی وقتاََ
فوقتاََ حکمرانوں اورپوری قوم کو عافیہ کی رہائی کے حوالے سے مواقع میسر آنے پر
باخبرکرتی ہے تاکہ حجت پوری کی جا سکے ۔ اللہ تعالیٰ نے کورونا وائرس کی وجہ سے
عافیہ کی رہائی کا حکمرانوں کو ایک اور سنہری موقع عطا کیا ہے جسے ماضی کی طرح
موجودہ بدقسمت حکمران بھی ضائع کرتے نظرآ رہے ہیں۔
No comments:
Post a Comment