Monday, 26 February 2024

کوئلے کی کان کنی کرنے والوں نے انکم ٹیکس کی مد میں کروڑوں روپے ہڑپ کر لیے

سرگودہاڈویژن میں کوئلے کی کان کنی کرنے والوں نے انکم ٹیکس کی مدمیںکروڑوںروپے ہڑپ کر لیے۔چیف کمشنرڈاکٹرفہیم محمدنے لوٹمارکرنے والوںکے خلاف کارروائی کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی۔تفصیلات کے مطابق سرگودہاڈویژن کے علاقوں سرگودہا،خوشاب،میانوالی میں پاکستان بننے کے بعد سے کوئلے کی کان کنی کی جا رہی ہے جس پر ایک طویل عرصہ سے مافیا کا راج قائم ہے ۔اس مافیانے کئی سالوں سے جعلی ٹیکس رسید یں، انکم ریکارڈ اور دیگر طریقوں سے اربوں روپے ٹیکس کی مد میں ہڑپ کر لیے ہیں۔ مذکورہ کان کن ایف بی آر کوجو ریکارڈ فراہم کرتے ان میں سے زیادہ تر ریکارڈ غلط اور جعلی ثابت ہوا جس کے بعد ٹیکس کی مد میں لوٹمار کرنے والے ان کان کن لیز ہولڈرزکے خلاف چیف کمشنر کی طرف سے انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں 80فیصد سے زائد لیز ہولڈرز ٹیکس کی مد میں چوری میں ملوث پائے گئے جبکہ جعلی رسید وں کے ذریعے ٹیکس ہڑپ بھی کر گئے ہیں۔اس سلسلہ میں تحقیقاتی ٹیم نے ابتدائی رپورٹ ریجنل کمشنر کو پیش کی جس کے بعد اس مد میں مزید کام تیز کر دیا گیا۔ آر ٹی او آفس نے کوئلے سمیت دیگر شعبوں میں دھوکہ دہی کو روکنے کے لیے ایک فعال انداز اپنایا ہے۔ٹیکس چوری سے نمٹنے کیلئے سخت اقدامات نافذ کیے ہیں جس میں سیلز ٹیکس 1990کے سیکشن40Bکے تحت مختلف کاروباری اداروں پر ڈیوٹی کا تعین باقاعدہ جسمانی تصدیق کے ساتھ دوسری پارٹی کی طرف سے ٹیکس کی مد میں جمع کرائی گئی رقم اور ادارے کی طرف سے فراہم رسید سمیت تمام ریکارڈ کو مکمل چیک کر رہی ہے جس کی وجہ سے کچھ اداروں کی طرف سے کرپشن سامنے آنے پر ایف بی آر نے کارروائیاں شروع کر لی ہیں۔ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق آئندہ ماہ تک تمام ٹیکس چوروں کے گرد شکنجاکس دیا جائیگا۔