Saturday, 18 February 2023

اینٹی کرپشن ٹیم کا ریڈ : اسسٹنٹ ڈائریکٹر رنگے ہاتھوں گرفتار

 

عاصمہ اعجاز چیمہ،ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا کی نگرانی میں محکمہ اینٹی کرپشن سرگودھا نے ڈویژن بھر میں کرپٹ مافیا کے خلاف گھیرا تنک کیا ہوا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر کرپٹ عناصر کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا جا رہاہے۔
تفصیلات کے مطابق محمد ابوبکر جاوید سکنہ ہڈالی ضلع خوشاب نے ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھاعاصمہ اعجاز چیمہ کو درخواست گزاری کہ پٹرول پمپ کی منظوری کے لیے محکمہ ماحولیات سے این او سی حاصل کر نا ہے جس کے لیے فیصل عباس، انسپکٹر نے سائل سے پہلے ہی سروے رپورٹ کے لیے20ہزار روپے رشوت وصول کر چکا ہے اور اب اظہار الحق اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات این او سی جاری کرنے کے لیے 50ہزار روپے رشوت طلب کر رہا ہے جبکہ سائل نے 25ہزار روپے دینے کا وعدہ کیا ہے۔جس پر ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھانے محمداویس سرکل آفیسر اینٹی کرپشن خوشاب کو ریڈ کرنے کا حکم دیا۔جس پرمحمد اویس، سرکل آفیسرنے سید عمران حسین شاہ، جوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں ریڈ کر کے اظہار الحق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات کے قبضے سے25ہزار روپے کے نشان زدہ نوٹ برآمد کر کے موقع پر گرفتار کر لیا۔اینٹی کرپشن کی ٹیم نے ملزم اظہار الحق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور فیصل عباس انسپکٹر محکمہ ماحولیات کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔