کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ان کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے فلیگ شپ منصوبے "سنٹر سٹی بیوٹیفکیشن پلان" پر جاری کام کی تفصیلی جائزہ لیا گیا
۔ اجلاس میں گول چوک، سٹی روڈ اور کچہری بازار روڈ کو ماڈل روڈز میں تبدیل کرنے سے متعلق کنسلٹنٹ نے سروے، مجوزہ ڈیزائن اور ترقیاتی پلان پر بریفنگ دی۔ کمشنر نے کہا کہ منصوبے کے تحت ان سڑکوں کی خوبصورتی اور سہولیات میں بہتری کا براہ راست فائدہ ان بازاروں کے تاجروں کو ہو گا، لہٰذا ضروری ہے کہ ان کی شمولیت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تاجر برادری کو اعتماد میں لے کر منصوبے کی اونر شپ دی جائے تاکہ وہ خود کو اس کا حصہ محسوس کریں
۔اجلاس میں بتایا گیا کہ فیسکو مذکورہ علاقوں میں بجلی کی ترسیل کو زیر زمین کرنے کے لیے علیحدہ ماسٹر پلان تشکیل دے رہا ہے۔کمشنر جہانزیب اعوان نے مون سون بارشوں کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور بروقت اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے فیسکو حکام کو ہدایت کی کہ ڈسپوزل اسٹیشنز پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے انتظامات مکمل رکھے جائیں جبکہ شہر میں صفائی کے انتظامات کو مزید موثر بنایا جائے۔ اجلاس میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، ہائی ویز، پی ایچ اے اور دیگر محکموں کے افسران نے اپنے جاری منصوبہ جات پر ایک ہفتے کی پیش رفت رپورٹ بھی پیش کی جس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم، ایس ای فیسکو ابرار احمد خان، اے ڈی سی آر فہد محمود، سی او ایم سی، اے سی سرگودہا، ایس ڈبلیو ایم سی، پی ایچ اے، ہائی ویز، ایم اوز، کنسلٹنٹ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
No comments:
Post a Comment