Friday, 22 July 2016

سرگودہا میں ہائی کورٹ بینچ کا قیام عمل نہ لایاگیا تو جماعت اسلامی ڈویژن سرگودہا کے وکلاء کے ساتھ مل کر احتجاجی تحریک چلائے گی:لیاقت بلوچ

جماعت اسلامی کے مرکزی جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اگر سرگودہا میں ہائی کورٹ بینچ کا قیام عمل نہ لایاگیا تو جماعت اسلامی ڈویژن سرگودہا کے وکلاء کے ساتھ مل کر احتجاجی تحریک چلائے گی اور حکومت پنجاب کو سرگودہا میں ہائی کورٹ بینچ بنانا پڑے گا وہ ڈسٹرکٹ بار جوہرآباد میں اپنے دورہ جوہرآباد کے موقع پر خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہاکہ اقتصادی راہداری ملک عزیز کیلئے ایک گیم چینجر ہو گی اس کیلئے ہمیں صرف اورصرف پاکستانی ہو کر سوچنا ہے انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس میں شامل تمام حکومتی اور اپوزیشن کے راہنماؤں کا احتساب ہونا چاہیے لیکن یہ ایک المیہ ہے کہ کرپٹ عناصر کی موجودگی میں احتساب ہونا ناممکن ہے لیاقت بلوچ نے کہا کہ جس ملک میں سالانہ 8ہزار ارب کرپشن ہو اور جس ملک کے چار سو ارب ڈالر ملک سے باہر بنکوں میں پڑے ہوں وہاں پر انصاف کا ہونا محال ہے یہاں پر حکمرانوں کو یزکام بھی لگے تو وہ علاج کیلئے بیرون ملک دوڑ پڑتے ہیں لیکن بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ، لیاقت علی خان ، محمد علی بوگرہ سمیت آج کے تازہ ترین دور میں عبدالستار ایدھی جیسی بڑی شخصیات نے بیرون ملک میں علاج کروانے سے انکار کر دیا ہمارے موجودہ حکمران عوام کی خون پسینے کی کمانی کو اپنی عیاشیوں پر لٹا رہے ہیں اگر آئین پاکستان کی رکاوٹ نہ ہوتی تو میاں نواز شریف اپنی غیر موجودگی میں اپنی صاحب زادی یا اسحاق ڈار کو وزیر اعظم بنا دیتے انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں کسان بری طرح متاثر ہو رہا ہے لیکن کسی کو اس کا خیال نہیں لیاقت بلوچ نے کہا کہ جس طرح سینیٹ اور قومی اسمبلی کی مدت چھ اور پانچ سال ہے اسی طرح آرمی چیف کے عہدے کی مدت بھی چار سال ہونی چاہیے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پانامہ لیکس پر بنائے گئے ٹی او آرز عدالتی کمیشن کے ذریعے احتساب چاہتی ہے اس موقع پر بار کے صدر ملک یونس اعوان اور جنرل سیکرٹری مزمل رضا زیدی نے بھی خطاب کیا تقریب میں جماعت اسلامی ضلع خوشاب کے امیر وارث جسرہ ایڈووکیٹ ، جنرل سیکرٹری مولانا عبدالوہاب ، سابق امیر تنظیر الحسن اعون ، سابق ایم پی اے (ر) کیپٹن ڈاکٹر محمد رفیق ، عبدالباسط شاہ کے علاوہ بار کے سینئرممبران کی بڑی تعداد موجود تھی