Thursday, 23 July 2020

عید کے موقع پاکستان میں کتنی چھٹیاں ہونگی فیصلہ کر لیا گیا

وفاقی حکومت نے عید الاضحیٰ پر 31 جولائی سے 2 اگست تک تین چھٹیاں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جمعہ، ہفتہ اور اتوار تک تعطیلات دی جائیں گی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ملک بھر میں چاند نظر نہ آنے کی شہادتیں نہ ملنے کے بعد اعلان کیا تھا کہ یکم ذی الحج 23 جولائی کو ہوگی جبکہ عید الاضحیٰ یکم اگست بروز ہفتہ کو منائی جائے گی۔ اس سے قبل وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا تھا کہ کراچی اور گردونواح میں چاند نظر آ جائے گا۔
حکومت کی جانب سے عید الاضحیٰ پر عوام کو ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکا جا سکے۔ عوام میں وبا کی روک تھام کے لیے گائیڈ لائنز پر بھی آگاہی مہم چلائی جائے۔
اس سلسلے می گزشتہ روز صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے زیر صدارت این سی او سی میں بھی ایک اہم اجلاس ہوا تھا جس میں ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال اور عید الاضحیٰ کے موقع پر حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
صدر عارف علوی نے کورونا وبا کے خاتمے کے لیے این سی او سی کے اقدامات کو سراہا اور تمام صوبوں کو عیدالاضحیٰ اور محرم الحرام کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ادھر سعودی عرب میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر 2 ہفتے کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔ سرکاری ملازمین کیلئے چھٹیاں 23 جولائی سے شروع ہوں گی جو 8 اگست تک جاری رہیں گی، تاہم نجی شعبے کو 29 جولائی سے 2 اگست تک 4 روزہ چھٹیاں دی گئی ہیں۔
سعودی وزارت کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ملازمین کی عید تعطیلات میں آنے والی ہفتہ وار چھٹیوں کے بدلے مزید چھٹیاں بھی دی جائیں گی۔ سعودی عرب میں عیدالاضحی جمعہ 31 جولائی کو ہوگی۔