Saturday, 30 July 2016

طوفانی بارشوں نےضلع خوشاب کے مختلف علاقوں میں تباہی مچائی

ملک کے دیگر حصوں کی طرح جہاں طوفانی بارشوں نے مختلف علاقوں میں تباہی مچائی ہے اسی طرح نواحی گاؤں سندرال میں بااثر افراد کی طرف سے بارشی پانی کے قدرتی راستوں کو روکنے کی وجہ سے نصف سے زائد شہر پانی میں ڈوب گیا ہے شہر کے سکولوں ‘ ہسپتالوں سمیت قبرستانوں سمیت لوگوں کے گھروں میں پانی کھڑا ہے اور اب بھی پانی گاؤں کی مختلف گلیوں میں تیزی سے آرہا ہے اور پانی کی سطح تیزی سے بلند ہورہی ہے جس کی وجہ سے گاؤں کے بڑے حصہ کے رہائشی مکمل طو رپر دیگر حصوں سے کٹ چکے ہیں اور مکمل طور پر گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں اس وقت گاؤں میں پانی کی وجہ سے حالات یہ ہیں کہ مساجد کو جانے کے راستے پر بھی کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہے مقامی شہریوں حاجی محمد اکرم ‘ حاجی اﷲ دتہ ‘ ملک اعجاز حسین ‘ ملک غلام جیلانی ‘ محمد فاروق اور عمر فاروق نے بتایا کہ گاؤں سندرال کی حاجی سلطی کالونی ‘ ہسپتال کالونی ‘ بلال کالونی اور پیر بخاری کالونی میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے بااثر افراد نے پانی کی قدرتی گزر گاہوں کو بندکردیا ہے اور ریلوے لائن کے نیچے سے آنیوالے راستے بھی بند کردیے ہیں پانی کا کوئی نکاس نہیں اور نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے پانی نے علاقہ کی زندگی کو مکمل طو رپر مفلوج کردیا ہے اہل علاقہ نے اس تمام تر صورتحال پر شدید احتجاج کیا ہے اور مقامی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے گاؤں سے پانی کی نکاسی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں

چیرمین بیت المال نے چارج سنبھالتے ہیں لوگوں کے دل جیت لیے

بیت المال ضلع خوشاب کا اجلاس چیرمین ملک فیاض احمد نائچ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں وائس چیرمین ملک عصمت اللہ سنبلی سمیت نصر ت شاہ ،رانا سلیم ،ارشد مسیح،ثنااللہ فاروقی،نازیہ ملک ،ارشاد بی بی ،عزیز مستیال سیکرٹری بیت المال کمیٹی محترمہ نبیلہ ملک نے شرکت کی اجلاس میں جہیز فنڈاور وظائف کے سلسلہ میں حکمت عملی طے کی گئی تمام ممبران نے فارم تقسیم کر دئیے گئے اور انہیں ہدایت کی گئی کہ وہ ان فارموں کو بارہ اگست تک واپس جمع کرائیں تا کہ انکی چھان بین مکمل کرکے اگست میں ہی مستحقین کو یہ فنڈز دے دئیے جائیں ملک فیاض نائچ نے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ممبران تمام فیصلے میرٹ کی بنیاد پر کرے تا کہ نہ صرف ہمارا اپنا بلکہ حکومت کا نام بھی روشن ہو

70کروڑ روپے کے فنڈز اپ گریڈیشن کیلئے مختص

پاکستان مسلم لیگ(ن) ضلع خوشاب کے صدر سینیٹرڈاکٹرغوث محمد خان نیازی نے کہاہے کہ ہم نوکر شاہی کی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خوشاب کی اپ گریڈیشن کی نا منظوری کی تجویز کو پسند نہیں کرتے اور جو بھی عناصر اس سلسلہ میں سرگرم عمل ہیں انکے حصہ میں ناکامی کے سوا کچھ نہیں آئے گا وہ پی ایم اے خوشاب کے صدر ڈاکٹر سرفراز سیال کی قیادت میں ملنے والے ایک وفد سے بات چیت کررہے تھے انہوں نے کہا کہ حکومت نے 70کروڑ روپے کے فنڈز اپ گریڈیشن کیلئے مختص کیے ہیں ہم انہیں کسی بھی بہانہ سے واپس نہیں جانے دیں گے سینیٹرنے کہا کہ ضلع خوشاب کے عوام کو صحت سے متعلق بہت زیادہ مسائل کا سامنا ہے اور اگر وہ میاں شہباز شریف کی حکومت میں حل نہیں ہوتے تو پھر کب ہوں گے ڈاکٹرسرفراز سیال اور جنرل سیکرٹری پی ایم اے خوشاب محمود احمد زبیری نے سینیٹر کو ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے سلسلہ میں مکمل تعاون کا یقین دلایا 

کسان بھائیوں کیلئے خوشخبری:80 ارب روپے کے بالاسود زرعی قرضے

خادم اعلی ٰ پنجاب کے کسان پیکیج 2016-17 کے حوالے سے کسان بھائیوں کی آگاہی کے لئے آج یہاں فاطمہ جناح ہال میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈی سی او خوشاب کنزہ مرتضے ٰ ،ممبر نیشنل اسمبلی ملک عزیر خان ،ایم این اے شاکر بشیر اعوان ،ایم پی ایز ملک جاویداعوان اور کرم الہیٰ بندیال ،ای ڈی او ایگری کلچر ،ڈی او لائیو سٹاک دیگر ضلعی افسران اور کا شتکار بھائیوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ای ڈی او ایگری کلچرنے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے کسان پیکیج اور کسان دوست پالیسوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کاشتکاربھائیوں کی بحالی کے لئے اور انہیں زراعت کے شعبے میں مزید ترقی کے لئے پنجاب حکومت نے متعد سہولیات فراہم کرنے کا پروگرام ترتیب دیا ہے جس کے مطابق چھوٹے کاشتکاروں کو 80 ارب روپے کے بالاسود زرعی قرضے فراہم کئے جائیں گے ان قرضہ جات کامارک اپ 13 ار ب روپے حکومت پنجاب برداشت کرے گی اور اس سہولت سے 4 لاکھ 50 ہزار کا شتکار مستفید ہونگے جن کو ربیع اور خریف میں بالترتیب 25 ہزار اور 40 ہزار فی ایکٹر جاری کیا جائیگا اس پیکیج کے تحت یوریا ،ڈی اے پی ،امونیم نائیٹرٹ ،نیٹروفاس اور این پی کی کھاد پر سبسڈی دی جائیگی جس سے 52 لاکھ کاشتکار مستفید ہونگے ۔اس کے علاوہ کپاس کی پیداواری صلاحیت کے حامل بیجوں کی تیاری کے لئے 3 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں اس خصوصی پیکیج کے تحت 1.2 ارب روپے کی لاگت سے پنجاب میں جدید مشینری کے لئے 36 سروس سنٹرز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے تا کہ مشینی زراعت کو فروع حاصل ہو سکے ۔جدید زراعت کے فروغ کے لئے 2.05 ارب مختص کئے گئے ہیں تاکہ 10 ہزارایکٹر رقبہ پر ڈرا پ اری گیشن اور سولر سسٹم کی تنصیب کے علاوہ 1500 ایکٹر رقبہ ٹنل فارمنگ کے زیر کاشت لایا جا سکے ۔صوبہ میں ویئر ہاوسز کی اپ گریڈیشن اور تعمیر کے لئے 2.50 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں 2 لاکھ سے زیادہ بجلی کے ٹیوب ویلوں پر حکومت پنجاب کی جانب سے 14 ارب روپے کی رقم سیلز ٹیکس کی مد میں ادا کی جائیگی کیونکہ وفاقی حکومت نے کسانوں کے کئے بجلی 8.85 روپے فی یونٹ سے کم کر کے 5.35 روپے فی یونٹ کر دی ہے ۔اس سے صوبہ میں زراعت کو 20 ارب روپے کا فائدہ ہو گا اس کے علاوہ حکومت نے زرعی ادویات پر سیلز ٹیکس ختم کر دیا ہے ۔جس سے کاشتکاروں کو 3ارب روپے کا فائدہ ہو گا ۔حکومت پنجاب کی طرف سے 0.5 روپے فارمز کو آپریٹو کی تشکیل کے لئے مختص کئے گئے ہیں انہوں نے بتایا کہ اس طرح سے کسانوں کو163 ارب روپے سالانہ کے فوائد براہ راست حاصل ہو نگے ۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے کرم الہیٰ بندیال نے حکومت پنجاب اوروزیر اعظم پاکستان کا خوشاب کے لئے کٹھہ ،(Lillah) روڈ سے میانوالی تک سٹرک بنوانے پر شکریہ ادا کیا اور کسان پیکیج کو کسانوں کی بحالی کے لئے آئیڈیل قرار دیا ۔ملک عزیر خان نے بھی کسانوں کی بحالی اورمسائل کے حل کے لئے اپنی خدمات پیش کیں ملک شا کر بشیر اعوان نے بھی کسانوں کی بحالی کے لئے وزیر اعلیٰ کی اقدامات کے لئے اپنی کاوشوں کا زکر کیا،ملک جاوید اختر ایم پی اے نے کسان پیکیج کو کسانوں پر وزیر اعلیٰ کا بہت بٹرا احسان قرار دیا اور کہا کہ وزیر اعلیٰ کے کسان پیکیج سے کسانوں کو سودکی لعنت سے نجات ملی ہے ۔آخر میں ڈی سی او خوشاب کنزہ مرتضیٰ نے کہا کہ کسان بھائیوں کی بحالی اور ترقی کے لئے حکومت پنجاب کے اقدامات پر عملدرآمد کروانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیج ہے انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں زراعت میں ای ڈی او ایگری کلچر سمیت تمام ڈی ا وز اور تمام تحصیلوں کے یونین کونسلرز میں مجسٹریسی قائم ہوچکی ہے اورافسران مجسٹریٹ کے اختیارات رکھتے ہوئے تمام ادویات اور کھادکی قیمتوں اور معیارکوچیک کرینگے اور حکومت کی طرف سے مقرر کردہ نرخوں پر کھا اور ادویات کی فرہمی اور فروخت کویقینی بنانے کے لئے دوکانداروں کوجرمانے اور سزائیں بھی دلوانے کے مجاز ہونگے

میرے حلقہ کی 44سکیمیں سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کی گئی ہیں:ایم پی اے جاوید اعوان

صوبائی اسمبلی کے رکن ملک محمد جاوید اعوان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ میاں شہبا زشریف صحت تعلیم اور سڑکوں کی تعمیر کی طرف بھرپور توجہ دے رہے ہیں اورہم نے انکی اس سوچ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انکے دور میں پی پی 39میں سب سے زیادہ ترقیاتی کام کرائے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ بہت جلد ہمارا یہ حلقہ پنجاب بھر میں مثالی حلقہ کے روپ میں سامنے آئے گا انہوں نے بتایا کہ حلقہ کی 44سکیمیں سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کی گئی ہیں جن کیلئے کروڑوں روپے کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں اور میں نے ان فنڈز کے جلد ریلیز کیلئے درخواست دے دی ہے تاکہ سکیمیں بروقت مکمل ہوں اور فنڈز کا ضیا ع نہ ہو جاوید اعوان نے کہا کہ پی پی 39کی ہر یونین کونسل میں گرلز ہائی سکول بنا دیا گیا ہے جبکہ پہلے انکا وجود نہیں تھا اسی طرح خالق آباد گرلز ہائی سکول کو ہائر سیکنڈری سکول کا درجہ دے دیا گیا ہے اور اگر جگہ دستیاب ہو تو اسے گرلز کالج بھی بنا یا جا سکتا ہے ایم پی اے نے کہا کہ وہ اپنے والد الحا ج کرم بخش اعوان مرحوم اور بھائی ملک محمد بشیر اعوان مرحوم کے نقش قدم پر چل رہے ہیں جن کا سبق ہے کہ سڑکوں پر تختیاں سجانے کی بجائے لوگوں کے دل جیتے جائیں یہی وجہ کہ لوگ ہمارے خاندان کی مسلسل قدر کررہے ہیں اور ہمیں ہمیشہ بھاری تعداد میں ووٹ دیتے ہیں پریس کانفرنس میں چیرمین پدھراڑ ملک عمران بشیراعوان ،چیرمین بیت المال ضلع خوشاب ملک محمد فیاض نائچ ،وائس چیرمین ملک عصمت اللہ سنبلی اور ڈاکٹر محمد شاکر بھی موجود تھے