سرگودہا ڈویژن کے 4 لاکھ 76 ہزار سے زائد مستحقین میں پنجاب حکومت کی جانب سے رمضان پیکج کے تحت مفت راشن ان کے گھروں تک پہنچایا جائیگا۔ جن میں سرگودہا کے دو لاکھ 6 ہزار، خوشاب کے 64 ہزار، میانوالی کے 83 ہزار چھ سو اور بھکر کے ایک لاکھ 23 ہزار مستحقین شامل ہیں۔ اس ضمن میں ایک جائزہ اجلاس منگل کے روز کمشنر سرگودہا ڈویژن محمد اجمل بھٹی کی زیر صدارت ان کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی، اے ڈی سی آر محسن صلاح الدین اور اے سی جی حافظ عبدالمنان کے علاؤہ خوشاب، میانوالی اور بھکر کے ڈپٹی کمشنرز اور اے ڈی سی آرز نے ویڈیو لنک کے زریعے شرکت کی۔ کمشنر نے چاروں ڈپٹی کمشنروں کو پنجاب حکومت کی جانب سے مستحقین کے فراہم کردہ ریکارڈ کی دو دنوں میں پڑتال مکمل کرنے کی ہدایت کی
انہوں نے کہا کہ پڑتال کے لیے پٹواریوں، یونین کونسل سیکرٹریوں اور ریونیو سمیت دیگر محکموں کے ملازمین کی خدمات بھی حاصل کی جائیں تاکہ رمضان پیکج حق دار کے پاس بروقت اور محفوظ طریقے سے پہنچ پائے۔ انہوں نے 15 مارچ تک چاروں اضلاع کے مستحقین تک سو فیصد تک رمضان پیکج یقینی بنانے کے لیے ٹرانسپورٹیشن پلان جلد مکمل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ ہیمپرز 2 مارچ تک ہر صورت تیار کرلیے جائیں، پیکنگ کے دوران فوڈ اتھارٹی اور ریونیو کا عملہ موقع پر موجود ہونا چاہیے تاکہ معیار اور مقدار کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے اس تمام آپریشن کی براہ راست مانیٹرنگ کے لیے ڈپٹی کمشنروں اور اسسٹنٹ کمشنروں سمیت دیگر متعلقہ افسران کو خود فیلڈ میں رہنے کے احکامات بھی جاری کیے۔ کمشنر نے کہا کہ پنجاب حکومت نے امسال مستحقین کو ان کے گھروں پر مفت راشن پہنچانے کا انقلابی پروگرام شروع کیا ہے۔ انتظامی افسران کی دلجمعی سے کام کریں تاکہ ہوئی بھی مستحق اپنے حق سے محروم نہ رہ سکے۔ انہوں نے چاروں اضلاع میں اس آپریشن کی روازنہ کی بنیاد پر ہونے والی پیش رفت سے ان کے دفتر کو بھی آگاہ رکھنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں چاروں ڈپٹی کمشنروں نے رمضان پیکج کی تیاریوں کے بارے تفصیلی بریفنگ دی