ڈپٹی کمشنر سلوت سعید نے کہا ہے کہ خواتین کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کیلئے حکومت ان کوفنی تعلیم و تربیت فراہم کر رہی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کی درست سمت راہنمائی اور ان میں احساس تحفظ کو پروان چڑھایا جائے ۔فنی تعلیمی ادارے خواتین کو ہنر مند بنانے کیلئے انتہائی فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس امر کا اظہار انہوں نے ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی برائے طالبات نیو سٹیلائٹ ٹاؤن سرگودہا کی ہونہار طالبات میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سابق ایم پی اے ڈاکٹر نادیہ عزیز ،بیگم صدر ایوان صنعت و تجارت ذکیہ تبسم ،شاکرہ نورین اور کالج
کی پرنسپل صبا تبسم کے علاوہ طالبات اور ان کے والدین بھی موجود تھے
کی پرنسپل صبا تبسم کے علاوہ طالبات اور ان کے والدین بھی موجود تھے
ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ طالبات کو ہر شعبہ میں مضبوط اور ہنر مند ہونا چاہئے ۔جس کیلئے معاشرے کے تمام افراد کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ فنی تعلیم کو حاصل کرنے کے بعد اپنی آئیندہ زندگی میں اس کو استعمال میں ضرور لائیں ۔ کیونکہ معاشی طور پر مضبوط اور خودمختار ماں ہی ایک اچھی نسل کو پروان چڑھاسکتی ہے۔ ڈاکٹر نادیہ عزیز نے کہا کہ بچیا ں ہمار افخر اور سرمایہ ہیں۔ ہماری خواتین آج زندگی کے ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں۔انہوں نے کالج کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی برائے طالبات سرگودہا کو یونیورسٹی کادرجہ دینے کیلئے بھی ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔ کالج پرنسپل صبا تبسم نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا ادارہ 2016میں قائم ہوا۔ اس وقت طالبات کی تعداد پانچ سوہے۔ کالج کی طرف سے انہیں تین سالہ کورسز میں ڈی ای اے ،کمپیوٹر انفارمیشن اور ڈی ڈی ایم کے کروائے جا رہے ہیں۔ جبکہ ایک سالہ کورسز میں بیوٹیشن،فیشن ڈیزائننگ اور ایڈمنسٹریشن مینجمنٹ کورسز شامل ہیں اس کے علاوہ ٹیوٹا کے تعاون سے طالبات کو تین ماہ اور چھ ماہ کے مختلف کورسز کروائے گئے ۔ دوران تربیت طالبات کو تما م ضر وری سامان ادارہ کی طرف سے مفت فراہم کیا جا تا ہے۔ اس طرح مستحق طالبات کی فیس بھی ادارہ کی اساتذہ ادا کر تی ہیں
نہوں نے بتایا کہ صرف تین سال میں ادارہ نے صوبہ بھر میں اپنا مقام حاصل کر لیا ہے۔ ڈویژن بھر کی طالبات کے واحد فنی تربیتی کالج نے 2016 سے اب تک چار پوزیشن مسلسل حاصل کر کے ایک منفرد ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ادارہ کی طالبات نے ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی صوبہ اور ریجن کی سطح پر تین سالوں میں گیارہ مختلف پوزیشن حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے خواتین کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کا مثبت قدم اٹھایا ہے ۔ انہو ں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنی بیٹیو ں کو زیادہ سے زیادہ فنی تعلیم کی طرف راغب کریں ۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر سلوت سعید ،ڈاکٹر نادیہ عزیز اور ذکیہ تبسم نے بورڈ اور ریجن کی سطح پر نمایا ں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں نقد انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے ۔ قبل ازیں طالبات کی طرف سے اپنی تیار کردہ مصنوعات کی نمائش لگائی گئی۔ جبکہ مختلف ماڈلز بھی تیار کئے ۔ مہمانو ں نے نمائش میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور طالبات کی صلاحیتوں کو سراہا ۔ تقریب میں طالبات نے کئی اصلاحی اور تفریحی خاکے پیش کر کے حاضرین سے خوب داد بھی وصول کی
No comments:
Post a Comment